ویب ڈیسک: انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جاری لیڈز ٹیسٹ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں پاکستان کی پہلی اننگز کے بعد میچ کی گیند کو درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا۔
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس میں انگلینڈ کے فاسٹ بولرز اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے 5، 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک ہی اننگز میں دو بولرز کا پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کرنا غیر معمولی کارکردگی ہے۔
اسی منفرد کارکردگی کو یادگار بنانے کے لیے دونوں بولرز نے گیند کو آپس میں آدھا آدھا تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اولی رابنسن کے مطابق جوش ٹنگ نے گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے یہ تجویز دی، جس پر دونوں نے اتفاق کیا۔
بعد ازاں ڈریسنگ روم میں جوش ٹنگ نے گراؤنڈ اسٹاف سے پوچھا کہ کیا گیند کو درمیان سے کاٹا جا سکتا ہے۔ کچھ دیر بعد گراؤنڈ اسٹاف نے واقعی گیند کے دو حصے کرکے انہیں دے دیے۔
اولی رابنسن نے اسے ایک ایسی یادگار قرار دیا جسے دونوں بولرز کبھی نہیں بھولیں گے۔
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان 48.1 اوورز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوا، جبکہ جواب میں انگلینڈ نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے تھے۔