شہزادہ ہیری کا امریکا چھوڑ کر برطانیہ واپسی کا فیصلہ

شہزادہ ہیری کا امریکا چھوڑ کر برطانیہ واپسی کا فیصلہ
کیپشن: شہزادہ ہیری کا امریکا چھوڑ کر برطانیہ واپسی کا فیصلہ

ویب ڈیسک: برطانوی شہزادہ ہیری نے تقریباً 6 سال امریکا میں قیام کے بعد اپنے خاندان سمیت برطانیہ واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ شہزادہ ہیری نے اتوار کو اپنے والد بادشاہ چارلس سوم کو وطن واپسی کے منصوبے سے آگاہ کردیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ واپسی کے بعد ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کہاں رہائش اختیار کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق برطانیہ واپسی کے باوجود دونوں کے شاہی حیثیت میں تبدیلی کا امکان نہیں۔ طے شدہ انتظام کے تحت ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے غیر سرکاری ارکان رہیں گے اور سرکاری شاہی فرائض انجام نہیں دیں گے۔

ہیری اور میگھن کے بچوں، 7 سالہ آرچی اور 5 سالہ لِلی بیٹ، کے برطانیہ میں اسکول میں داخلے کی بھی اطلاعات ہیں۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل 6 سال قبل شاہی خاندان سے اختلافات کے بعد برطانیہ چھوڑ کر امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ امریکا میں قیام کے دوران ہیری نے اپنی کتاب، مختلف انٹرویوز اور ایک دستاویزی پروگرام میں شاہی خاندان سے متعلق کئی انکشافات اور تبصرے کیے۔

برطانیہ چھوڑنے کے بعد ہیری سے اعزازی فوجی عہدے بھی واپس لے لیے گئے تھے، جبکہ شاہی خاندان کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ وہ بیک وقت شاہی فرائض اور نجی زندگی کے درمیان سابقہ طرز کا انتظام برقرار نہیں رکھ سکتے۔

ہیری اس وقت کیلیفورنیا میں مقیم ہیں۔ تاہم رپورٹس میں ان کی برطانیہ واپسی کی وجوہات اور اس فیصلے میں ممکنہ طور پر کسی فرد کے کردار کی واضح تفصیل سامنے نہیں آئی۔

Watch Live Public News