ویب ڈیسک: آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی اننگز میں دو سنچریاں اسکور ہوئیں جبکہ ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہو گیا۔
جمعہ کو کھیلے گئے بگ بیش ٹی ٹوئنٹی میچ میں برسبین ہیٹ نے پرتھ اسکارچرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر کئی تاریخی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
برسبین میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پرتھ اسکارچرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔ پرتھ کی جانب سے فن ایلن نے 79 جبکہ کوپر کونولی نے 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
جواب میں برسبین ہیٹ نے 258 رنز کا بھاری ہدف میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
برسبین ہیٹ کی جانب سے جیک وائلڈر موتھ 110 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ میٹ رنشا نے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے 212 رنز کی تاریخی شراکت قائم کی جو بگ بیش لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔
یہ پہلا موقع تھا کہ بگ بیش لیگ کی ایک اننگز میں دو سنچریاں بنیں۔ میچ میں مجموعی طور پر 515 رنز اسکور ہوئے جبکہ ایک میچ میں سب سے زیادہ 36 چھکوں کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔
واضح رہے کہ 258 رنز کا ہدف بگ بیش لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا تیسرا بڑا ہدف تھا جو کامیابی سے حاصل کیا گیا۔