ویب ڈیسک: پاکستان کا ڈیجیٹل شعبہ نمایاں کامیابیوں کے ساتھ ملکی ترقی کے سنہرے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کی موثر اور دور اندیش پالیسیوں کے باعث آئی ٹی برآمدات میں تیزی سے وسعت آ رہی ہے، جس سے پاکستان خطے کی ایک ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل پاور کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 19 فیصد کا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی تا نومبر 2025 کے عرصے میں آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم 1.8 بلین ڈالر تک پہنچ گیا، جو ڈیجیٹل معیشت کی مضبوط بنیادوں کا واضح ثبوت ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نومبر 2025 میں آئی ٹی برآمدات 356 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو عالمی منڈیوں میں پاکستانی ٹیکنالوجی انڈسٹری پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستانی آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سیکٹر نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، ڈیجیٹل خودمختاری کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کی مثبت شناخت کو مزید مستحکم بنانے میں بھی پیش پیش ہے۔ایس آ ئی ایف سی کی سرپرستی میں آئی ٹی سیکٹر کی تیز رفتار ترقی معاشی استحکام، اصلاحات کی کامیابی اور عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔