ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سزا 190 ملین پاؤنڈ کی سزا کی مدت ختم ہونے کے بعد شروع ہوگی۔
ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ 14 سال کی سزا مکمل ہونے کے بعد 17 سال کی سزا شروع ہوگی۔ انہوں نے وضاحت دی کہ فراڈ کے ذریعے تحائف کی قیمت کم لگوائی گئی، جس کے نتیجے میں حکومت کو کم رقم ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انصاف پر مبنی ہے، کیونکہ تحائف کی قیمت کم کر کے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی نے تحائف روک کر مالی فائدہ حاصل کیا، جس سے حکومت کو 3 کروڑ اور 7 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو بالترتیب 10 سال اور 7 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔