ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے دوران دبئی میں ایک نایاب منظر دیکھنے کو ملا جب دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آسمانی بجلی آ گری۔
جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعے کی مختصر ویڈیو دبئی کے ولی عہد اور وزیرِ دفاع، شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں برج خلیفہ کو گھنے بادلوں سے گھری سبز آسمان کے پس منظر میں دکھایا گیا ہے، جہاں بجلی عمارت کی اوپر منزل سے ٹکراتی ہوئی نظر آتی ہے۔
یہ ویڈیو شیخ حمدان کے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد شیئر کی گئی، جس میں انہوں نے شہریوں کو آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی تھی۔
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق، 18 دسمبر کو یو اے ای میں ’البشائر‘ کے نظام کا کم دباؤ شروع ہوا تھا، جس کے نتیجے میں شارجہ اور راس الخیمہ میں شدید بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے شہریوں کو سرکاری موسمی انتباہات پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔