پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ 

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ 

(ویب ڈیسک ) پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر  نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں ہم چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔یہ مناسب وقت ہے چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں۔

بیرسٹر گوہر خان  نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ   بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ ہمارا جو معاہدہ ہوا اس پر بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا ہے۔ کل ہم نے پچاس ایم این ایز کی فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام فہرست سنی اتحاد کونسل کے نام سے جمع کرائی ہے۔ ہمارے جو ایم این ایز سنی اتحاد کونسل کو جوائن کرینگے اسی حساب سے ہمیں خصوصی نشستیں ملیں گی۔ الیکشن کمیشن سے ہمیشہ صاف و شفاف الیکشن کی استدعا کرتے رہے تاہم   الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا۔ ہمارا مطالبہ ہے نتائج فارم 45 کے تحت جاری کئے جائیں۔

بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ   پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کرتی ہے، چیف الیکشن کمیشن کو فی الفور مستعفی ہونا چاہئے۔صحیح نتائج عوامی مینڈیٹ کے تحت جاری ہونا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ  کمشنر راولپنڈی نے واضع طور پر بتایا کس قسم کی دھاندلی ہوئی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کمشنر راولپنڈی اور اسکے خاندان کو پوری سیکورٹی دی جائے۔ اگر فارم 45 کے تحت نتائج جاری نہیں کئے جاتے اسے آئی ایم ایف کا پروگرام متاثر ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ  ہم نے ایم ڈبلیو ایم کو سپورٹ کیا ہے وہ مرکز میں ہمارے ساتھ بیٹھینگے۔ سنی اتحاد کونسل سے چونکہ ہم صوبے میں بھی انگیج ہیں لہذا مرکز میں بھی اسی جماعت کے ساتھ اتحاد ہوا ہے۔

Watch Live Public News