لاہور سمیت ملک بھر میں بارش،جاتی سردی کو بریک لگ گئی

لاہور سمیت ملک بھر میں بارش،جاتی سردی کو بریک لگ گئی
کیپشن: لاہور سمیت ملک بھر میں بارش،جاتی سردی کو بریک لگ گئی

ویب ڈیسک: لاہور سمیت ملک بھر میں بارش نے رنگ جما دیا جس سے موسم دلفریب ہو گیا اور جاتی سردی کو بریک لگ گئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں موسم کے رنگ سہانے دکھائی دے رہے ہیں، کہیں موسلادھار بارش تو کہیں بوندا باندی نے موسم دلفریب بنا دیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا، لاہور، چیچہ وطنی، فیروز والا، گوجرہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

پنجاب میں پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری: 

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔ لاہور سمیت کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ 

لاہور میں 17 ملی میٹر، راولپنڈی میں 23 ملی میٹر جبکہ اٹک، جھنگ اور جہلم میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ چکوال، مری، گوجرانوالہ، قصور اور گجرات میں بھی 14 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

مری میں برفباری کا سلسلہ جاری:

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں  تک مزید بارش و برف باری کے امکانات ہیں۔ بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ سڑکوں پر انتظامیہ کی جانب سے نمک کا چھڑکاﺅ کیا جارہا ہے۔ 

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ  الرٹ ر ہے ، کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔ مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فسیلیٹیشن مراکز قائم ہیں۔ سیاحوں سے گزارش ہے کہ موسم کی صورت حال کا جائزہ لے کر سفرپر نکلیں۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ شہری احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

مری میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیمیں متحرک:

مری میں جاری برفباری کے ساتھ ہی محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیمیں متحرک ہوگئی ہیں۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ مری کی شاہراہوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ جدید مشنری کی مدد سے شاہراہوں پر موجود برف کو ہٹایا جا رہا ہے۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کو برف باری میں سفری سہولیات کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مری کی اہم اور مصروف شاہراہوں پر مشینری اور سٹاف موجود ہے۔

10 لوڈرز اور 6 سنو تھرور برف کو شاہراہوں سے ہٹا رہے ہیں۔ اس وقت مری کی تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ جاری:

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں مزید تیز بارش کاامکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق بارش کے باعث جاتی سردی واپس لوٹ آئی۔ شہر پشاور میں طویل خشک سالی کے بعد بادل برس پڑے۔

شہر پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 10جبکہ ذیادہ سے ذیادہ 25ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ جوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے ذیادہ بارش پشاور میں 37ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ دیر36،مالم جبہ30،مردان29،ایبٹ آباد میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ سیدوشریف10،کوہستان 6،ڈی آئی خان5اور بنوں میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں جاری بارشوں کا سلسلہ شام تک جاری رہنے کاامکان ہے۔

فیسکو ریجن میں بارش سے بجلی فراہمی متاثر:

ترجمان فیسکو کے مطابق فیسکو ریجن کے  مختلف علاقوں میں بارش  سے بجلی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ شدید بارش  کے باعث  لائنوں پر ٹرپنگ کے باعث 70 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ 

فیصل آباد فرسٹ، سیکنڈ فیصل آباد ,سرگودھا,جھنگ,میانوالی اور ٹوبہ سرکل کے مختلف علاقے متاثر ہوئے۔ فیسکو  آفیسر اور سٹاف  بجلی بحالی کے لیے الرٹ ہیں۔ 

چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر  بجلی بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔فالٹس کی درستگی کے بعد متاثرہ فیڈرزسے بجلی جلد بحال کردی جائے گی۔

موسم کی خرابی کی وجہ سے بجلی کے عارضی تعطل پر صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔ 

لاہور ریجن کے100سے زائدفیڈرز ٹرمپ کرگئے:

بارش کی صورت حال کے پیش نظر بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ لاہور ریجن کے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ کئی علاقوں میں رات گئے سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسہ جاری ہے۔ ٹرپ فیڈرز بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شہری بجلی والی تار اور کھمبوں سے دور رہیں۔ 

آئیسکو ریجن میں 11کےوی فیڈرز پر ٹرپنگ:

آئیسکو ریجن میں بارش کے باعث 11 کے وی فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرہ فیڈرز میں سروس روڈ ایسٹ سی بلاک نیو ریس کورس شالیمار ٹاؤن مصریال روڈ شامل ہیں۔ النور کالونی ملت آباد چیرنگ کراس کار چوک اور اڈیالہ فیڈرز پر بھی بجلی کی فراہمی میں عارضی خلل آیا ہے۔  

آئیسکو آپریشن ٹیمیں متاثرہ فیڈرز پر بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ 

ترجمان آئیسکو کے مطابق صارفین بجلی کی تاروں کھمبوں ٹرانسفارمرز اور دیگر سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ کسی بھی شکایت یا ھنگامی صورتحال میں ہلپ لائن 118 ہر کال کریں۔

واسا راولپنڈی کا بیان:

واسا راولپنڈی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جڑواں شہروں میں گزشتہ پانچ ماہ میں پہلی بارش ہوئی۔ بارش سے جاری خشک سالی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ بارش کے بعد راول ڈیم اور خان پور ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہوگا۔ پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ شام تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے۔اسٹاف ہیوی مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہے۔ جڑواں شہروں میں مجموعی طور 40 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

گولڑہ کے مقام پر 58 ملی میٹر، بوکڑہ 36 ملی میٹر، پی ایم ڈی 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمس آباد 21 ملی میٹر اور کچہری کے مقام پر 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

نشیبی علاقوں میں واسا کی ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب کیلئے تعینات ہیں۔

لاہور میں بارش کے باعث چھت گرگئی:

لاہورمیں جٹ چوک ٹھوکر بیاز بیگ کے نزدیک بارش کے باعث چھت گرنے کا واقعہ رونما ہوا ہے۔ 

ریسکیو ایمرجنسی گاڑیاں جائے حادثہ پر موجود ہیں۔  چھت گرنے کے حادثہ میں ایک عورت جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق خاتون  کی شناخت سریا بی بی ذوجہ عباس عمر 50 سال معلوم ہوئی۔ لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

فیصل آباد میں سائزنگ فیکٹری کی چھت گرگئی:

فیصل آباد کے علاقے منصورہ آباد میں جھمرہ روڈ پر سائزنگ فیکٹری کی چھت گرگئی۔ 

ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

فیکٹری کا رقبہ 35 مرلہ پر محیط ہے۔ ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی 20 مرلہ کی چھت گر گئی۔ 

ترجمان موٹروے پولیس: 

موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم 4 موٹروے پر ملتان کے قریب بس حادثے میں دو مسافر ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔

ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے سوات جانے والی مسافر بس آگے جانے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ موٹروے پولیس نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کروایا۔

ایک الگ ٹریفک حادثے میں مانسہرہ ایکسپریس وے پر مسافر کوسٹر اُلٹنے سے ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے۔

Watch Live Public News