خشک سالی کا خطرہ ٹل گیا،ملک بھر میں5ماہ بعد ابرکرم برس پڑا

خشک سالی کا خطرہ ٹل گیا،ملک بھر میں5ماہ بعد ابرکرم برس پڑا
کیپشن: خشک سالی کا خطرہ ٹل گیا،ملک بھر میں5ماہ بعد ابرکرم برس پڑا

ویب ڈیسک: پاکستان میں 5 ماہ کےطویل وقفے کے بعد صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بادل برس پڑے۔پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور خشک سالی کا منڈلاتا خطرہ بھی ٹل گیا۔

جمعرات کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات لاہور میں  17 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ’بارشوں کا سپیل 21 فروری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔‘

محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔  اس کے علاوہ خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں گھوٹکی، کشمور، ٹھل اور کندھ کوٹ میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

پاکستان میں رواں ہفتے متعدد علاقوں میں بارش، برف باری اور گرچ چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے منگل کو موسم کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔’شمالی اور شمال مغربی بلوچستان میں 18 سے 20 فروری تک بارش، برف باری، تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ طوفانی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔‘

این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی ایسی ہی صورت حال کی پیش گوئی کی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں 19 سے 20 فروری تک مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ بارش اور برف باری کا بھی امکان ہے۔اسی طرح 19 سے 21 فروری تک پوٹھوہار کے علاقوں مری اور گلیات سمیت بالائی اور شمال مشرقی پنجاب اور اسلام آباد میں بارش اور برف باری کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ ’یکم ستمبر سے 15 جنوری تک پاکستان بھر میں معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔‘

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

’سندھ میں معمول سے 52 فیصد کم، بلوچستان میں 45 فیصد کم جبکہ پنجاب میں معمول سے 42 فیصد بارشیں کم ریکارڈ کی گئی ہیں۔‘

Watch Live Public News