صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خلائی مخلوق سے متعلق ریکارڈ جاری کرنے کا اعلان

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خلائی مخلوق سے متعلق ریکارڈ جاری کرنے کا اعلان
کیپشن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خلائی مخلوق سے متعلق ریکارڈ جاری کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ وفاقی اداروں کو ہدایت جاری کریں گے کہ خلائی مخلوق اور نامعلوم اشیا سے متعلق سرکاری ریکارڈ مرحلہ وار عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں عوامی دلچسپی غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ محکمۂ دفاع کے سربراہ پیٹ ہیگستھ اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایات دیں گے کہ اس موضوع پر دستیاب معلومات کو منظر عام پر لانے کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے اس معاملے کو " انتہائی دلچسپ اور اہم" قرار دیا۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے سابق امریکی صدر باراک اوباما پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اوباما نے خلائی مخلوق سے متعلق گفتگو میں حساس معلومات ظاہر کی تھیں، تاہم اس الزام کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں باراک اوباما نے کہا تھا کہ کائنات کی وسعت کو دیکھتے ہوئے زمین کے علاوہ زندگی کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، لیکن ان کے دورِ صدارت میں ایسی کوئی مستند شہادت سامنے نہیں آئی کہ کسی غیر زمینی مخلوق نے زمین سے رابطہ کیا ہو۔ انہوں نے نیواڈا میں واقع مشہور فوجی مقام ایریا 51 سے متعلق گردش کرنے والے سازشی نظریات کو بھی مسترد کیا۔

واضح رہے کہ محکمۂ دفاع کی حالیہ برسوں میں کی جانے والی تحقیقات میں بھی اس بات کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ خلائی مخلوق نے زمین کا دورہ کیا ہو۔ 2024 میں جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے اب تک کی جانے والی جانچ پڑتال میں کسی غیر زمینی ٹیکنالوجی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ زیادہ تر مشاہدات کی وضاحت عام فضائی اشیا یا قدرتی مظاہر سے ہو گئی۔

Watch Live Public News