لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب میں چوہدری پرویز الہٰی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی ہی وزارتِ اعلیٰ کیلئے پارٹی کے امیدوار ہیں، جن کو مینڈیٹ ملا حکومت کرنا اُس کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار نہیں دو تین بار پہلے بھی یہی بات کہہ چکا ہوں۔ ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ گنتی کے چکروں سے باہر نکلا جائے اور غریب آدمی کے مسائل کی طرف توجہ دی جائے، جو غریبوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو گا حقیقی معنوں میں اسی کی گنتی پوری ہو جائے گی۔ چوہدری شجاعت کا مزید کہنا تھا کہ جو منتخب ہوئے ہیں وہ عوام کی خدمت کریں، اس فکر میں نہ پڑیں کہ ایک دوسرے کو کیسے نیچے دکھانا ہے۔ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ سال ڈیڑھ سال حکومت کا موقع ملنا چاہیے یا فوری انتخابات ہوں، فوری انتخابات سے مراد فوری ہیں مہینوں میں نہیں۔