(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 8 کو گرفتار کرلیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 تا 20 جولائی 2025 کے دوران، ضلع ملاکنڈ میں سیکورٹی فورسز، پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب مشترکہ آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ یہ کارروائی بھارتی ایجنسی کی پشت پناہی سے چلنے والی دہشتگرد تنظیم "فتنہ الخوارج" کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی اور آپریشن چار روز تک جاری رہا جس کے دوران فورسز نے مہارت کے ساتھ علاقے کا گھیراؤ کر کے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 خوارج واصل جہنم جبکہ 8 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران خوارج کے زیرِ استعمال دو ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی آبادی نے ریاست کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، علاقے سے خارجی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے ساتھ مل کر ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔