(ویب ڈیسک خیبرپختونخوا اسمبلی کے خواتین اور غیر مسلم مخصوص نشستوں پر منتخب 25 اراکین اسمبلی نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔گورنر خیبر پختونخوا نے مخصوص نشستوں پر حلف لینے والی خواتین اور اقلیتی اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے چیف جسٹس آف پشاور ہائی کورٹ جسٹس کیجانب سے نامزدگی کے حکم نامہ پر مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔انہوں نے اہم نامزدگی پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب حلف برداری میں وفاقی وزیر سیفران انجنئر امیر مقام، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ یہ حلف آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 65 اور آرٹیکل 255(2) کے تحت اور خیبرپختونخوا پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس رولز 1988 کے رول 6 کے مطابق لیا گیا۔