بھارت میں پاکستانی کرکٹر حسن علی پر تشدد کی خبروں پر اہلیہ کا ردعمل

بھارت میں پاکستانی کرکٹر حسن علی پر تشدد کی خبروں پر اہلیہ کا ردعمل
کیپشن: بھارت میں پاکستانی کرکٹر حسن علی پر تشدد کی خبروں پر اہلیہ کا ردعمل

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی سے منسوب ایک وائرل ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہیں بھارت میں ٹرین میں جیب تراشی کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

تاہم حقیقت میں ویڈیو میں نظر آنے والا شخص حسن علی نہیں ہے، جبکہ ان کی اہلیہ سامیہ خان نے بھی اس دعوے کو مسترد کر دیا۔

انسٹاگرام اسٹوری میں سامیہ خان نے کہا کہ "ہم گزشتہ تین برس سے بھارت نہیں گئے، اس لیے یہ دعویٰ سراسر جھوٹا ہے۔" انہوں نے دونوں ممالک کے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔

انہوں نے لکھا، "افسوس اس بات کا ہے کہ لوگ بغیر تصدیق کے جھوٹی خبروں پر یقین کر کے انہیں آگے پھیلا دیتے ہیں۔ بھارت گئے ہوئے تین سال ہو گئے، لگتا ہے لوگ ہمیں وہاں بہت یاد کر رہے ہیں۔"

دوسری جانب سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے بھی وائرل ویڈیو کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں موجود شخص کی حسن علی سے کوئی واضح مشابہت نہیں اور بغیر تصدیق ایسی معلومات پھیلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔

Watch Live Public News