ویب ڈیسک: بلوچستان بجٹ / حکومت ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ، بلوچستان حکومت رواں مالی سال 25-2024میں صوبائی ٹیکسوں سے آمدنی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے لیے بلوچستان حکومت کا صوبائی ٹیکسوں سے آمدنی کا تخمینہ 47ارب 68کروڑ روپے سے زائد تھا ، سال کے دوران صوبائی ٹیکسوں سے بلوچستان حکومت کو 33ارب 91کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ، بلوچستان حکومت کو ٹیکسوں کی مد میں 13ارب 77کروڑ روپے کی کم آمدنی ہوئی ۔
تاہم نان ٹیکس محصولات کی مد میں بلوچستان کی آمدنی میں اضافہ ہوا ، رواں مالی سال نان ٹیکس محصولات سے آمدنی کا تخمینہ 18ارب 80کروڑ روپے تھا، نان ٹیکس محصولات سے 12ارب روپے کے اضافے کے ساتھ 30ارب 83کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق سوئی گیس کی لیز کی توسیع کی مد میں 17ارب روپے کی کمی کے ساتھ 58ارب کی بجائے 41ارب 20کروڑ روپے ملے ۔
رواں مالی سال کے دوران بلوچستان حکومت کی تین مدات سے مجموعی آمدنی کا تخمینہ 124ارب 48کروڑ روپے تھا ، ان مدات سے بلوچستان کو مجموعی طور پر 105ارب روپے کی آمدنی ہوئی۔
بلوچستان کو تینوں مدات سے مجموعی طور پر 19 ارب روپے کی کم آمدنی ہوئی۔