لاہور: رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے بزدار حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کے لئے 8 ارب روپے مختص کردیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بزدار حکومت نے پنجاب کے عوام کے لئے تاریخ کے بڑے رمضان پیکج کا اعلان کردیا ہے، رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکج کے لئے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ رواں برس رمضان بازاروں میں عوام کو 2021ء کی قیمتوں کے مطابق اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی۔ 10کلو آٹے کا تھیلہ 375روپے کا ملے گا۔زرعی فیئرپرائس شاپس پر آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 13آئٹمز عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر ملیں گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سبزیوں، پھل اور دالوں کی سستے داموں فراہمی پر1 ارب 25کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔صوبے بھر میں 317رمضان بازار 25شعبان سے فنکشنل ہو جائیں گے۔ رمضان بازار وں کے اوقات کار صبح 9بجے سے افطار تک ہوں گے۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت نے ماہ مقدس میں کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لئے خصوصی ریلیف پیکج دیا ہے ۔رمضان پیکیج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام بنایا گیا ہے ۔ رمضان پیکج کی پائی پائی حقدار کو پہنچائی جائے گی۔ رمضان پیکج کی خود نگرانی کروں گا۔