ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ چار روز تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ ماہرین کے مطابق 20 مئی سے 24 مئی تک گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
اسی طرح وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز ملک کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت انتہا کو پہنچ گیا۔ دادو اور جیکب آباد میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہروں میں لاڑکانہ، روہڑی اور سبی میں درجہ حرارت 46، پشاور میں 43، لاہور، ملتان، فیصل آباد اور مظفرآباد میں 41، اسلام آباد میں 39، کوئٹہ میں 36، کراچی میں 35 جبکہ گلگت میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات سے بچا جا سکے۔