ویب ڈیسک: لاہور کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اُن پر سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر ایک غیرمصدقہ پوسٹ شیئر کرنے کا الزام ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج سلمان گھمن نے دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے صنم جاوید کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے جس کے مطابق انہوں نے ایسی پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی جس سے ریاستی اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے کا ذریعہ بنی، اس لیے انہیں ضمانت نہ دی جائے۔
ادھر صنم جاوید کے وکلاء نے عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے، اور ان کی مؤکلہ نے نہ تو خود کوئی مواد تیار کیا اور نہ ہی کسی نفرت انگیز مہم کا حصہ بنیں بلکہ ایک موجودہ پوسٹ کو صرف شیئر کیا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے صنم جاوید کو قانونی کارروائی کا سامنا جاری رکھنے کی ہدایت کی۔