(ویب ڈیسک) فوجی عدالتوں کے کیس میں نئے بنچ کی تشکیل کیلئے جوڈیشل کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی زیرصدارت آئینی بنچ کی ججز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ فوجی عدالتوں کے کیس میں نئے بنچ کی تشکیل کیلئے جوڈیشل کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق جسٹس عائشہ ملک فوجی عدالتوں کے کیس میں پہلے فیصلہ دے چکی ہیں،فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلیں سات رکنی بنچ میں زیر سماعت تھیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سات رکنی آئینی بنچ ہی فوجی عدالتوں کے کیس میں اپیلیں سنے گا، آئینی بنچ کمیٹی نے کام کا بوجھ کم کرنے کیلئے سول جج کی معاونت مانگ لی۔
اعلامیے کے مطابق رولز فائنل ہونے تک جلد سماعت کی تمام درخواستیں آئینی بنچ کمیٹی کو پیش کی جائیں گی، سپریم کورٹ ٹھوس آئینی اور قانونی سوالات ہونے پر مقدمہ آئینی بنچ کو بھجوا سکتی ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ججز کمیٹی کو آئینی بنچ کیلئے سپریم کورٹ میں الگ برانچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،مقدمات کی ایک سے دوسری عدالت میں منتقلی کا اختیار صرف سپریم کورٹ کو ہے۔