ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مایوسی حرام ہے، مجھے پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل پر کامل یقین ہے، معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں، مایوسی پھیلانے اور ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں؟
آرمی چیف نے بدھ کو ایکسپوسینٹرمیں آئیڈیازدوہزارچوبیس کادورہ کیا جس کے بعد رات کو انہوں نے کراچی کی بزنس کمیونٹی سے بھی خطاب کیا۔
آئیڈیاز 2024 میں پاکستان کے جدید ترین ڈرون ”شاہپر تھری“ توجہ کا مرکز بن گیا۔
آرمی چیف نے کراچی میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین ہے، مایوسی کے بادل آج چھٹ چکے ہیں، مایوسی مسلمان کے لیے حرام ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشیت کے تمام اعشاریے مثبت ہیں، اگلے برس تک انشاء اللہ مزید بہتر ہوں گے۔
آرمی چیف عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں؟ کیا ان کو جواب دہ نہیں ٹھہرانا چاہیے؟
انہوں نے کہا کہ کوئی چیز بشمول سیاست ملک سے مقدم نہیں، ہم سب کو ذاتی مفاد پر پاکستان کو ترجیح دینی چاہیے، ریاست ماں کی طرح ہے، ریاست کی قدر لیبیا، عراق اور فلسطین کے عوام سے پوچھیں، یاد رکھیں! پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں ہے۔
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ جتنی بھی مشکلات ہوں اگر ہم سب مل کر کھڑے ہو جائیں تو کوئی کچھ بگاڑ نہیں سکتا، آپ اپنا پیسہ لے کر پاکستان آئیں، عوام بھی کمائے اور ملک بھی ترقی کرے، صرف پاکستانی ہی پاکستان کو ”بیل آؤٹ“ کے ذریعے معاشی استحکام دلا سکتے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی غیر قانونی کاروبار والے کرتے ہیں جن کے پیچھے مخصوص عناصر ہوتے ہیں، پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی ڈیجیٹل سیکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
آئیڈیاز 2024 کا دورہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیا ن کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کی کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آئیڈیاز 2024 کا 12 واں ایڈیشن 19 نومبر کو شروع ہوا اور 22 نومبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ گفتگو بھی کی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 36 ممالک نے نمائش کنندگان کے اسٹالز لگائے جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں کل 557 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں ۔
آئی ایس پی آر نےمزید کہا کہ آرمی چیف نے دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ تقریب کی خاص بات جی آئی ڈی ایس پاکستان کی تیار کردہ بغیر پائلٹ فضائی گاڑی شہپر تھری کا افتتاح تھا۔ شہپر تھری اعلی درجے کی صلاحیتوں کا حامل ہے، شہپر تھری بموں، میزائلوں اور ٹارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت سے لیس ہے۔