جے ایف 17 تھنڈر کیساتھ سیلفیاں، بھارتی اپوزیشن کی مودی حکومت پر کڑی تنقید

جے ایف 17 تھنڈر کیساتھ سیلفیاں، بھارتی اپوزیشن کی مودی حکومت پر کڑی تنقید

ویب ڈیسک: دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کی جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے ساتھ تصاویر اور پاکستانی پویلین میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں سے خوشگوار ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، بھارتی اپوزیشن نےویڈیوز اور تصاویر کے سامنے آنے پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ 

دنیا کی بڑے فضائی اور دفاعی نمائشوں میں شمار ہونے والا دبئی ایئر شو 2025 دبئی ورلڈ سینٹرل میں جاری ہے، جو جمعے کو اختتام پذیر ہوگا۔

اس پانچ روزہ ایونٹ میں امریکی، یورپی، ایشیائی اور مشرقِ وسطیٰ کی بڑی دفاعی و ایوی ایشن کمپنیاں شریک ہیں۔ نمائش میں 1,500 سے زائد کمپنیاں، 115 ممالک کے 490 سرکاری اور نجی وفود سمیت 200 سے زائد طیارے شریک ہیں۔

امریکی، پاکستانی اور بھارتی فضائیہ سمیت دیگر ممالک کے فوجی دستے بھی اپنے طیاروں اور جدید ہتھیاروں کی نمائش کر رہے ہیں، ایئر شو کے دوران وزیٹرز کی بڑی تعداد پاکستانی پویلین کا رخ کررہی ہے جبکہ پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر خاص طور پر غیرملکی وفود اور عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ایئر شو میں پاکستانی پویلین اس وقت خصوصی توجہ کا مرکز بنا جب بھارتی فضائیہ کے اہلکار پاکستانی پویلین پہنچے۔ دونوں افواج کے اہلکاروں کے درمیان مسکراہٹوں کے تبادلے اور خوشگوار ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ان تصاویر کے سامنے آنے کے بعد بھارت میں کئی حلقوں کی جانب سے حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔ کئی صارفین نے اسے ’منافقت‘ قرار دیا اور سوال اٹھایا کہ جب کرکٹ ٹیموں کو آپس میں ہاتھ ملانے کی اجازت نہیں تو فضائیہ کے افسران کیسے پاکستانی پویلین جا سکتے ہیں؟

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے حامی کارکن تیجسوی پرکاش نے یہی تصویر ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’ہماری کرکٹ ٹیم کو پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے بھی اجازت نہیں ہے مگر ہندوستانی فضائیہ کے افسران دبئی ایئر شو میں پاکستانی پویلین کا دورہ کرسکتے ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کو جے ایف 17 تھنڈر میں دلچسپی لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی اور اس پر بھی دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

Watch Live Public News