دیوار چین پر پہلا پاک -چین مشترکہ فیشن شو،ثقافتی ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ

دیوار چین پر پہلا پاک -چین مشترکہ فیشن شو،ثقافتی ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ

(ویب ڈیسک ) بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے اشتراک سے عظیم دیوارِ چین کے تاریخی مقام بادالنگ پر پاکستان اور چین کا پہلا مشترکہ فیشن شو منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے ڈیزائنرز نے ثقافتی ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے اشتراک سے پاکستان اور چین کا پہلا مشترکہ فیشن شو عظیم دیوارِ چین کے تاریخی مقام بادالنگ پر منعقد ہوا۔اس میں پاکستانی ڈیزائنرز ماہین خان، معظّم عباسی، عائشہ طارق، رضوان اللہ اور زین ہاشمی نے اپنے خصوصی کلیکشن پیش کیے جو پاکستانی اور چینی فیشن کے حسین امتزاج کی عکاسی کرتے تھے۔

معروف چینی ڈیزائنر لیانگ سُو یون کے تخلیقی ملبوسات نے تقریب میں رنگ بھر دیے۔

ماڈلز نے ریمپ پر پھولوں کے ڈیزائن اور اجرک کے روایتی نقش و نگار سے مزین ملبوسات میں کیٹ واک کی۔

تقریب میں چین کے اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم بادالنگ دیوارِ چین فیشن شو کے لیے ایک بہترین مقام ہے جو شاہراہِ ریشم کے تاریخی تعلق کو جدید طرز میں منانے کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیشن شو تخلیقی امتزاج، تجارتی وژن اور پاکستانی فیشن کی طاقت کا مظہر ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تخلیقی اور تجارتی تعلقات کے نئے پل قائم کر رہا ہے۔

اس موقع پر چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے چیئرمین لونگ یوشیانگ نے کہا کہ یہ فیشن شو چین اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلے کا ایک شاندار مظہر ہے اور دونوں ممالک کی ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت داری کو عوامی سطح پر مزید مضبوط بنانے کی عملی مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  دونوں ممالک کی گہری تہذیبی وراثت اور خوبصورت زندگی کے مشترکہ خواب فیشن کے ذریعے نئی صورت اختیار کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News