ملک بھر کے نوجوانوں کے لئے خوشخبری، حکومت کا احسن اقدام

ملک بھر کے نوجوانوں کے لئے خوشخبری، حکومت کا احسن اقدام

ویب ڈیسک:وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کیلئے اسپیشلائزڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ اسپیشلائزڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں 200 ٹرینرز کو آن لائن مصنوعی ذہانت، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ڈیٹا اینالٹکس جیسے جدید شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔

چیئرمین رانا مشہود نے قومی کمیشن برائے پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹیک) کے ہیڈ کوارٹر میں وزیرِاعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت ’’ اسپیشلائزڈ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ آف ٹرینرز ‘‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے کی طرف بڑا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نیوٹیک، یونی سروسز انٹرنیشنل اور آئی ٹی ایم سی چائنا کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جو پاکستان میں ڈیجیٹل اسکلز کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، تربیت مکمل کرنے والوں کو پاکستان اور چین کے معروف اداروں کی مشترکہ اسناد دی جائیں گی۔

’’پریکٹس آف سکلز‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں اور فری لانسرز کو مفت ڈیجیٹل لرننگ اکاؤنٹس بھی فراہم کیے جائیں گے جس سے ملک میں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ ملے گا، یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل تعاون اور انسانی وسائل کی ترقی کو مزید مضبوط کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پاکستان کے ٹیوٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔

Watch Live Public News