ویب ڈیسک: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب الیکشن ٹربیونلز کیس 24 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب الیکشن ٹربیونلز کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ 24 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین،جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عقیل عباسی بنچ میں شامل ہیں جبکہ جسٹس نعیم اختر افغان بھی پانچ رکنی لارجر بنچ کا حصہ ہونگے۔
یاد رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ٹربیونلز کو کام کرنے سے روک دیا تھا جبکہ عدالت نے چیف الیکشن کمشنرکوچیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سے مشاورت کی بھی ہدایت کی تھی۔
کیس کا پس منظر
یاد رہے کہ 14 جون سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل تشکیل کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی تھی۔
14 جون کو ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کا الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل الیکش کمیشن کا اختیار ہے، لاہور ہائی کورٹ کا ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ قانون کے خلاف ہے اور ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کے اختیارات استعمال نہیں کر سکتی۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے اور اپیل کو کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر چیف جسٹس شہزاد ملک نے 12 جون کو 8 ٹربیونلز کی تشکیل کے احکامات جاری کیے تھے۔