وفاقی حکومت کا گھریلو صارفین کےنئےگیس کنکشن کے حوالے سے اہم فیصلہ

وفاقی حکومت کا گھریلو صارفین کےنئےگیس کنکشن کے حوالے سے اہم فیصلہ
کیپشن: وفاقی حکومت کا گھریلو صارفین کےنئےگیس کنکشن کے حوالے سے اہم فیصلہ

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشن کے حوالے سے ایک اہم اور عوام دوست فیصلہ کیا ہے، جس سے اُن شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔ جنہوں نے پہلے سے ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی کر رکھی ہے لیکن اب تک گیس کنکشن حاصل نہیں کر پائے۔

وزارتِ پیٹرولیم نے اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل سمیت تمام متعلقہ گیس کمپنیوں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزارت کے اعلامیے کے مطابق جن صارفین نے گیس کنکشن کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کی مکمل ادائیگی کی تھی، وہ اب صرف فرق کی رقم اور سکیورٹی فیس جمع کرا کے آر ایل این جی (ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس) کنکشن کے اہل ہو سکیں گے۔

اس سہولت کا مقصد ان صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے جو مہنگائی اور گیس کی قلت کے باعث برسوں سے کنکشن کے انتظار میں تھے۔ حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف گیس کی فراہمی کے عمل میں تیزی آئے گی بلکہ عوام کو متبادل توانائی ذرائع کے استعمال کا بھی موقع ملے گا۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں گھریلو سطح پر آر ایل این جی کنکشن کی فراہمی کے جامع منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے حکومتی ہدایت پر عمل درآمد کے لیے ایک مکمل حکمتِ عملی پیش کی اور بتایا کہ اس سہولت سے ہزاروں زیرِ التوا درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ صارفین کی سہولت کے لیے درخواست جمع کرانے اور فیس کی ادائیگی کا عمل نہایت شفاف اور تیز بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت آر ایل این جی کنیکشن فراہم کیا جا سکے۔ یہ فیصلہ ملکی توانائی بحران کم کرنے اور عوامی مشکلات دور کرنے کی حکومتی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News