مریم نواز سے جرمنی کے طبی ماہرین کی ملاقات،کینسر کے علاج میں معاونت پر اتفاق

مریم نواز سے جرمنی کے طبی ماہرین کی ملاقات،کینسر کے علاج میں معاونت پر اتفاق
کیپشن: مریم نواز سے جرمنی کے طبی ماہرین کی ملاقات،کینسر کے علاج میں معاونت پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمنی کے طبی ماہرین کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے۔ جس میں بچوں کے کینسر کے علاج میں جرمن اداروں کی معاونت پر اصولی اتفاق کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے جرمن ادارے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کے اعلی سطح وفد نےملاقات کی ہے۔ ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کے وفد کی سربراہی جرمن پیڈریاٹرک آنکالوجسٹ اورنیو رو آنکالوجسٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سٹفن مائیکل نے کی۔وفد میں ہیڈلبرگ یونیورسٹی اسپتال، جرمن کینسر ریسرچ سینٹر (DKFZ) اور ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر (KiTZ) کے ماہرین شامل  تھے۔
بچوں کے کینسر کے علاج میں جرمن اداروں کی معاونت پر اصولی اتفاق کرلیا گیا۔ڈاکٹر سٹفن مائیکل نے پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کو ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ متعارف کرانے والاریجن کا پہلا صوبہ ہے۔لاہور میں پنجاب کا سب سے بڑا اورجدید ترین نوازشریف کینسر ہسپتال تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے۔چلڈرن ہسپتال لاہور میں کینسر کے علاج کیلئے ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر کی معاونت کو سراہا جائے گا۔ پیڈریاٹرک آنکالوجی کیلئے جرمنی کی جدید ٹیکنالوجی کا خیرمقدم کریں گے۔کینسر کے علا ج کیلئے جرمن اداروں کے ساتھ جوائنٹ ٹریننگ کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں گے۔  لاہور میں نواز شریف کینسر اسپتال تعمیر کے آخری مراحل میں ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید ترین اسپتال ہوگا۔  

پارلیمانی لیڈر ہیڈلبرگ سٹی کونسل وسیم بٹ نے کہا کہ لاہور اور ہیڈلبرگ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ 

ہیڈلبرگ کے لارڈ میئر پروفیسر ڈاکٹر ایکارٹ ورزنر نے  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا  کیا۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر ایکارٹ ورزنر کا کہنا تھا کہ ہائیڈل برگ اور پنجاب میں باہمی تعاون دونوں شہروں کے عوام کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔

ڈاکٹر سٹفن مائیکل کاکہنا تھا کہ پنجاب میں بچوں کے کینسر کے علاج میں اعلیٰ معیار قابلِ تحسین ہے۔جرمن اور پاکستانی اداروں کے ساتھ تربیت اور علوم کے تبادلے سے مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔پنجاب کے چلڈرن ہسپتال اورکینسر ہسپتال میں کم وسائل کے ساتھ بہترین علاج قابل تحسین ہے۔ ہوپ چلڈرن کینسر سینٹر پاکستان میں آغاخان یونیورسٹی کے ساتھ کینسر کے علاج کیلئے اشتراک کار کررہا ہے۔

Watch Live Public News