پاکستان سے میچ سے قبل اہم بھارتی کھلاڑی زخمی،شرکت مشکوک

پاکستان سے میچ سے قبل اہم بھارتی کھلاڑی زخمی،شرکت مشکوک
کیپشن: پاکستان سے میچ سے قبل اہم بھارتی کھلاڑی زخمی،شرکت مشکوک

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے روایتی ٹاکرے سے قبل بھارتی ٹیم کو ایک بڑا دھچکا لگ سکتا ہے، کیونکہ آل راؤنڈر اکشر پٹیل کی میچ میں شمولیت مشکوک ہو گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشر پٹیل عمان کے خلاف گروپ اے کے میچ میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے، جس کے بعد ان کی مکمل صحتیابی کے بارے میں خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ میچ کے 15ویں اوور کی پہلی گیند پر پیش آیا جب عمان کے بیٹر حماد مرزا نے ایک اونچا شاٹ کھیلا۔ گیند کو کیچ کرنے کی کوشش میں اکشر پٹیل تیزی سے آگے بڑھے مگر گیند قابو میں نہ لا سکے اور زمین پر گرنے کے دوران ان کا سر زور سے ٹکرا گیا۔ شدید تکلیف کے باعث وہ فوری طور پر میدان سے باہر چلے گئے اور طبی معائنے کے بعد ٹیم ڈریسنگ روم میں منتقل کر دیے گئے۔

ابتدائی معائنے کے بعد بھارت کے فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ نے میڈیا کو بتایا کہ اکشر کی حالت بظاہر اطمینان بخش ہے، تاہم پاکستان کے خلاف میچ صرف 48 گھنٹے بعد شیڈول ہونے کے باعث ان کی فٹنس پر سوالیہ نشان برقرار ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر کی اگلے میچ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ میچ سے چند گھنٹے قبل کیا جائے گا۔

اکشر پٹیل عمان کے خلاف بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں، انہوں نے محض 13 گیندوں پر 26 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ بولنگ میں ایک اوور میں صرف چار رنز دیے۔ اگر وہ پاکستان کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہ ہوئے تو بھارتی ٹیم کو اسپن شعبے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ممکنہ طور پر صرف دو اسپنرز، کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی، پر انحصار کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا پہلا اور نہایت اہم میچ کل بروز اتوار 21 ستمبر کو شیڈول ہے، جس کا کرکٹ شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News