مظفرگڑھ: 8ماہ کی حاملہ خاتون پر سسرالیوں کا بدترین تشدد،بازو،ٹانگیں توڑدیں

مظفرگڑھ: 8ماہ کی حاملہ خاتون پر سسرالیوں کا بدترین تشدد،بازو،ٹانگیں توڑدیں
کیپشن: مظفرگڑھ: 8ماہ کی حاملہ خاتون پر سسرالیوں کا بدترین تشدد،بازو،ٹانگیں توڑدیں

ویب ڈیسک: جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک آٹھ ماہ کی حاملہ خاتون کو اس کے شوہر، بیٹے اور سسرالی رشتہ داروں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور شدید زخمی حالت میں گھر سے باہر پھینک دیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تحصیل جتوئی کے علاقے موضع بستی عارف میں پیش آیا، جہاں خاتون پر کلہاڑی، لوہے کے راڈ اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا۔ تشدد اتنا بدترین تھا کہ خاتون کے دونوں بازو اور ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ بعد ازاں ملزمان اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں گلی میں پھینک کر فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ علاقہ نے ریسکیو اداروں اور پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد زخمی خاتون کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام نے متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق بتایا کہ خاتون کے کردار پر شک کرتے ہوئے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے قانونی کارروائی سے انکار کے بعد پولیس نے خود مدعی بنتے ہوئے شوہر، سسر، دیور اور بیٹے سمیت 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ تھانہ جتوئی میں درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Watch Live Public News