ویب ڈیسک: پوپ فرانسس کے 21 اپریل 2025 کو انتقال کے بعد کیتھولک چرچ کے نئے روحانی رہنما کے انتخاب کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
ویٹی کن کے اعلامیے کے مطابق مئی کے مہینے میں سسٹین چیپل میں اہم اجلاس (کونکلیو) ہوگا، جس میں 80 سال سے کم عمر کے 138 کارڈینلز خفیہ ووٹ کے ذریعے نئے پوپ کا انتخاب کریں گے۔
ممکنہ امیدواروں پر نظر
پوپ فرانسس کے بعد چرچ کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے کئی اہم نام سامنے آ چکے ہیں۔
کارڈینل پیئیترو پارولین (اٹلی، عمر 70 برس): ویٹی کن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ اور پوپ فرانسس کے قریبی مشیر رہے۔ انہیں اعتدال پسند اور سفارتی انداز کا حامل رہنما سمجھا جاتا ہے۔

کارڈینل لوئیس انتونیو ٹیگلے (فلپائن، عمر 67 برس): انہیں "ایشین پوپ فرانسس" بھی کہا جاتا ہے۔ جدید اصلاحات کے حامی اور اگر منتخب ہو گئے تو وہ پہلے ایشیائی پوپ بنیں گے۔

کارڈینل پیٹر ایرڈو (ہنگری، عمر 72 برس): ایک قدامت پسند رہنما جنہوں نے چرچ کی سخت اقدار اور تعلیمات کا ہمیشہ دفاع کیا ہے۔

کارڈینل میٹیو زُپی (اٹلی، عمر 69 برس): اطالوی بشپ کانفرنس کے موجودہ صدر اور پوپ فرانسس کی پالیسیوں کے تسلسل کے علمبردار سمجھے جاتے ہیں۔

کارڈینل فریڈولین امبونگو بیسونگو (کانگو، عمر 65 برس): افریقی براعظم سے تعلق رکھنے والے یہ رہنما اپنے واضح مؤقف اور اصلاحات پر تنقیدی سوچ کے لیے جانے جاتے ہیں۔

نئے پوپ کے انتخاب کا طریقہ کار
کونکلیو وہ خفیہ اجلاس ہوتا ہے جس میں کیتھولک چرچ کے کارڈینلز نیا پوپ منتخب کرتے ہیں۔ یہ اجلاس ویٹی کن کے تاریخی سسٹین چیپل میں ہوتا ہے اور جب تک نیا پوپ منتخب نہ ہو جائے، تمام کارڈینلز باہر کی دنیا سے بالکل منقطع رہتے ہیں۔
1۔ ہر روز چار ووٹنگ راؤنڈ ہوتے ہیں (دو صبح، دو شام کو)۔
2۔ اگر کسی کو دو تہائی اکثریت (کم از کم 92 ووٹ) حاصل ہو جائے تو وہ پوپ منتخب ہو جاتا ہے۔
3۔ جیسے ہی انتخاب مکمل ہوتا ہے، چیپل کی چمنی سے سفید دھواں اٹھتا ہے، جو دنیا کو نئے پوپ کے انتخاب کی علامت دیتا ہے۔
انتخاب کیوں کیوں اہم ہے
پوپ نہ صرف روحانی پیشوا ہوتے ہیں بلکہ ویٹی کن سٹی کے سربراہ اور عالمی سطح پر کیتھولک اقلیتوں کی امیدوں کے مرکز بھی ہوتے ہیں۔ خاص طور پر بین المذاہب مکالمے، انسانی حقوق، غربت، اور ماحولیات جیسے موضوعات جبکہ ان کی پالیسیز، بیانات اور اصلاحات پوری دنیا پر اثر ڈالتی ہیں۔
سابق پوپ فرانسس کی وراثت
1۔ وہ پہلے لاطینی امریکی پوپ تھے۔
2۔ ان کی قیادت میں چرچ نے غربت، کرپشن اور ماحولیات جیسے موضوعات پر توجہ دی۔
3۔ انہوں نے چرچ کے مالی معاملات میں شفافیت لانے کے لیے کئی اصلاحات کیں۔
موجودہ فضا
اب دنیا بھر کے کیتھولک اور دیگر مذاہب کے لوگ یہ جاننے کے لیے منتظر ہیں کہ آیا نیا پوپ فرانسس کی پالیسیز کو جاری رکھے گا یا چرچ کسی نئی راہ پر گامزن ہوگا۔