وزیر اعظم کا سرمایہ پاکستان بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان

وزیر اعظم کا سرمایہ پاکستان بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں اور اسٹیٹ بینک کے ذریعے سب سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھجوانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو، انکی خدمات کے پیش نظر ،  سول ایوارڈ دیا جائےگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمندر پار پاکستانیوں کے امور پر خصوصی اجلاس  ہوا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  سمندر پار پاکستانی، بیرون ملک پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کی پاکستان کے لئے بڑی خدمات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ  حال ہی میں منعقد ہونے والے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں سمندر پار پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جو حکومتی پالیسیوں پر انکے اعتماد کا مظہر ہے،   سمندر پار پاکستانیوں کے صادق جذبوں، وطن کیلئے محبت و ایثار اور قربانیوں کو سلام پیش کرتےہیں۔

وزیراعظم  نے کہا کہ   سمندر پار پاکستانیوں نے دنیا بھر میں محنت کرکے اپنا اور اپنے ملک کیلئے  نام کمایا ہے ،طب، تعلیم، انجینئرنگ اور کنسلٹینسی میں بطور پروفیشنل دن رات محنت کی ہے اور  رزق حلال کمایا  ہے، حکومت پاکستان نے   سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں، حال ہی میں ایک بڑا پیکج دیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ممالک میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں اور اسٹیٹ بینک کے ذریعے سب سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھجوانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو، انکی خدمات کے پیش نظر ،  سول ایوارڈ دیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ   حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل اور انہیں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لئے پاکستان میں ان کی مہارت کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

اجلاس کو سمندر پار پاکستانیوں کے لئے اعلان کردہ سہولیات کے حوالے سے پیش رفت اور  حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراء اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

Watch Live Public News