(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل ' تیمور' کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کامیاب میزائل فائرنگ پاک بحریہ کی سمندر میں درست نشانہ لگانے اورآپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ ہے۔فضا سے سمندر پر فائر کئے گئے میزائل نے انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اس کامیاب تجربے سے پاک بحریہ کی سمندر میں اپنے اہداف کی طویل فاصلے پر نشاندہی کر کے تباہ کرنے کی صلاحیت کی توثیق ہوتی ہے۔ کروز میزائل ' تیمور' کی کامیاب فائرنگ کا مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے میزائل کی کامیاب فائرنگ سے مسلح افواج کی کثیرالجہتی مربوط دفاعی صلاحیتوں کو تقویت ملی ہے۔ پاک بحریہ قومی بحری مفادات اور اپنی سمندری حدود کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ صدر و وزیراعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس اہم سنگِ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔