ویب ڈیسک: اپنے انصاف کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہونے والے امریکا کے ریٹائرڈ جج فرینک کیپریو اٹھاسی سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ بیماری کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سابق جج لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھے اور ہسپتال میں اُن کا علاج جاری تھا کہ وہ جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ اُن کا آخری ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی حال کی زندگی کو خوب انجوائے کریں کیونکہ مستقبل میں کیا ہو گا ہمیں اُس کا علم نہیں ہوتا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جج فرینک کیپریو رواں سال کے آغاز میں 40 برس تک خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔
انہوں نے رہوڈ آئی لینڈ کی میونسپل کورٹ میں بطور چیف جج اور رہوڈ آئی لینڈ بورڈ آف گورنرز اینڈ ایجوکیشن میں بطور چیئرمین خدمات انجام دیں۔
یاد رہے کہ جج فرینک کیپریو جن مقدمات کی سماعت کرتے تھے وہ سوشل میڈیا پر براہ راست دکھائی جاتی تھیں اس لیے اُن کے فیصلوں کا سب احترام کرتے تھے۔