گوگل میپس میں تصاویر پر ری ایکشن کا نیا فیچر متعارف ہونے کو تیار

گوگل میپس میں تصاویر پر ری ایکشن کا نیا فیچر متعارف ہونے کو تیار
کیپشن: گوگل میپس میں تصاویر پر ری ایکشن کا نیا فیچر متعارف ہونے کو تیار

ویب ڈیسک:  دنیا بھر میں مقبول نیویگیشن ایپ گوگل میپس میں ایک نیا اور دلچسپ فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو صارفین کو سوشل میڈیا ایپس جیسا تجربہ فراہم کرے گا۔

رپورٹس کے مطابق گوگل میپس میں اب تصاویر پر ری ایکشن دینے کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کی آزمائش فی الحال محدود پیمانے پر جاری ہے۔

اب تک گوگل میپس میں صارفین لوکیشنز کے ساتھ موجود کال، ڈائریکشنز اور امیجز کے آپشنز استعمال کرسکتے تھے۔ کسی مقام کی تصاویر یا ویڈیوز دیکھنے کے بعد اگر انہیں رائے دینی ہو تو مکمل ریویو لکھنا پڑتا تھا۔ تاہم نئے فیچر کے تحت صارفین کو صرف ایک کلک کے ذریعے اپنے جذبات یا رائے کا اظہار کرنے کی سہولت ملے گی۔

اینڈرائیڈ سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق، گوگل میپس ایپ میں اب اگر کوئی صارف کسی تصویر کو کچھ دیر دبا کر رکھے گا تو اس پر مختلف ری ایکشنز کا آپشن سامنے آ جائے گا۔ بالکل فیس بک اور دیگر مشہور ایپس کی طرح صارفین دل، آگ یا مختلف ایموجیز کے ذریعے اپنی پسند کا اظہار کر سکیں گے۔

مزید یہ کہ جب کوئی صارف کسی ایموجی پر کلک کرے گا تو ایک مختصر انیمیشن بھی اسکرین پر ظاہر ہوگا۔ مثال کے طور پر اگر ہارٹ ری ایکشن منتخب کیا جائے تو ایک بڑا دل اسکرین کے گرد گھومتا ہوا دکھائی دے گا، جس سے ایپ کا تجربہ مزید دلچسپ اور انٹرایکٹو بنے گا۔

اگرچہ کمپنی نے اس فیچر کی باضابطہ لانچ کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا، لیکن ماہرین کے مطابق اس اقدام سے ایپ پر صارفین کی شمولیت (انگیجمنٹ) میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ صارفین کو لمبے ریویوز لکھنے کی بجائے فوری ری ایکشن دینے کا موقع ملے گا جس سے تصاویر اور مقامات پر زیادہ فیڈ بیک سامنے آ سکے گا۔

یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، اس بارے میں گوگل کی جانب سے فی الحال کچھ نہیں بتایا گیا۔ تاہم توقع ہے کہ آئندہ اپ ڈیٹس میں یہ سہولت دنیا بھر کے صارفین کو فراہم کر دی جائے گی۔

Watch Live Public News