محکمہ موسمیات کی 23 سے 27 اگست  کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی 23 سے 27 اگست  کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی

(ویب ڈیسک ) محکمہ موسمیات  کی جانب سے 23 سے 27 اگست کے دوران ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  22 اگست سے مون سون ہوائیں شدت سے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، یہ ہوائیں بحریہ عرب اور خلیج بنگال سے داخل ہوں گی۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  23 سے27 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا میں بارشوں کا امکان ہے۔اسی طرح   خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان اور ملتان میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  23 سے 26 اگست کے دوران پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور باجوڑ میں بارشیں متوقع ہیں۔اس دوران  گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  23سے 25 اگست کے دوران کوئٹہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، خضدار، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور کیچ میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے 23 سے 25 اگست کے دوران کراچی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔اس دوران سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، دادو، جیکب آباد اور جامشورو میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، گلگت بلتستان اور کشمیر میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ  ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Watch Live Public News