(ویب ڈیسک) سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 49 دہشتگرد ہلاک کردیے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 12 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں،خیبرپختونخوا آپریشنز کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد اور تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز میں آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔بلوچستان آپریشنز میں بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکہ خیز ڈرمز اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن پوری رفتار سے جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہے۔غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورکس کو کاری ضربیں لگائی گئی ہیں،’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری ہے۔