کراچی : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اس وقت یہ پوزیشن ہے کہ ہم اپنا میئر بنائیں گے، ہم کراچی شہر کی خدمت کے لئے تیار ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کے معاملے پر بات چیت کے لیے جماعت اسلامی کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سیکرٹریٹ میں علی زیدی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمان نے علی زیدی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے ، حلقہ بندیوں پر ہمیں بھی تحفظات تھے، اگر جائز طریقے سے پاکستان پیپلز پارٹی بھی جیتےتو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا تھا ۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم سب کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے لیکن اس کیلئے کم از کم جائز ہونا ضروری ہے ، اس شہر کے مینڈیٹ کا تحفظ کرنا سب سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داری ہے، شہریوں کا فرض ہے کہ ہمارا ساتھ دیں اور ہمارا فرض ہے شہریوں کے ڈالے گئے ایک ایک ووٹ کی حفاظت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے الیکشن کے بعد ہمارے لیے کلمہ خیر کہا اور ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم بھی کیا ۔ اس موقع پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ فارم 11 کے معاملے پر 4 رکنی مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے، مشترکہ کمیٹی فارم 11 اور الیکشن سے متعلق دیگر معاملات کو دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نام پر جو ڈرامہ تھا سب نے دیکھا ہے ، الیکشن سے قبل ،الیکشن کے دوران اور بعد میں ہمارا آپس میں رابطہ تھا، زرداری مافیا نے جو ہم پر پلان اٹیک کروایا تھا حافظ نعیم بھائی نے اس کی مذمت بھی کی تھی ۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے ہوتا ہے میری نظر میں اختلاف رائے برکت کا باعث ہوتا ہے، ہمارا جماعت اسلامی کے ساتھ بہت چیزوں میں اختلاف رائے رہا ہے، 4حلقوں کا رزلٹ تبدیل کیا گیا تھا ، ابھی 40 کا خط لکھا ہوا ہے، اگلی بار وفاقی حکومت ہم بنائیں گے ، جو بھی حالات ہیں ہم امید رکھتے ہیں وفاقی اور صوبائی حکومت بنائیں گے، ہم میئر کو اصل اختیارات دیں گے، ہم بتائیں گے میئر کے اختیارات ہوتے کیسے ہیں ۔ اس معاملے پر 19 جنوری کو سندھ کے وزیر سعید غنی کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد جماعتِ اسلامی کراچی کے دفتر ادارۂ نورِ حق میں حافظ نعیم الرحمٰن اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات بھی کر چکا ہے۔ ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات اور میئر کراچی سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔ دوسری جانب کراچی کے میئر کے انتخاب کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے رابطہ کیا ہے ، اس سلسلے میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے قائدین کی آج باضابطہ ملاقات ہوگی ، جس میں پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت سے مئیر کراچی کے انتخاب کے لئے حمایت کرنے کی درخواست بھی کرے گی۔