پی ٹی آئی دہشتگرد جماعت، منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عطاءتارڑ

پی ٹی آئی دہشتگرد جماعت، منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عطاءتارڑ
کیپشن: پی ٹی آئی دہشتگرد جماعت، منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عطاءتارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے، دہشتگرد جماعت کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ 15جولائی کو افسوسناک واقعہ بنوں میں ہوا جس میں 8شہادتیں ہوئیں،بنوں والی سازش آپ کے سامنے ہے، کے پی حکومت کچھ بھی کہتی رہے،ان کاکہناتھا کہ بنوں میں تاجروں کا ایک احتجاج تھا، جس میں کچھ لوگ ان کے شامل ہو گئے،ان کے لوگوں نے اس جگہ پر پہنچ کر فائرنگ کردی، جس سے بھگڈرمچی اور22افراد زخمی ہو گئے، پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ فوج پر الزام لگ جائے کہ سویلینز کو مار دیا۔

عطا تارڑ نے کہاکہ 2014میں پی ٹی وی پر حملہ ہوا اور توڑپھوڑ کی گئی،تشدد کی سیاست پی ٹی آئی کے خون میں بسی ہے، جن بچوں کو گمراہ کیا گیا تھا وہ آج بھی کیسز بھگت رہے ہیں،یہی ان کا منشور ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنے مخالفین کے خلاف غلط زبان استعمال کی،کسی جلسے میں 4افراد بے ہوش ہو گئے تو بانی پی ٹی آئی خوش ہوئے اور کہا چار لوگ مر گئے،بانی پی ٹی آئی کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ مظلومیت کے پرچار سے کوئی ریلیف ملے گا،بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو ملک میں لا کر بسایا،اسی لئے بانی پی ٹی آئی کو طالبان خان کہا جاتا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایک بین الاقوامی جریدے میں آرٹیکل آیا ہے بانی پی ٹی آئی کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے،مریم نواز سات ضرب آٹھ فٹ کے سیل میں رہیں، شہبازشریف کو کمر کی تکلیف کے باوجود بکتر بند گاڑی میں لایا جاتا تھا،ہم سیاسی انتقام کے خواہشمند نہیں رہے، نہ ہی انتقام لیا ہے،برطانوی صحافی کرسٹینالیمب نے لکھا ہے بانی پی ٹی آئی جیل میں پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی کو جیل میں نقصان پہنچانے کی کوئی دانستہ کوشش نہیں کی گئی،بانی پی ٹی آئی کو مانگنے پر ورزش کی سائیکل اور دیسی مرغی دی گئی ہے،ان کاکہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی کے الفاظ ہیں کہ میں اے سی اتار دوں، ٹی وی بندکر دوں گا، دوائیاں نہیں جانے دو ں گا، اڈیالہ جیل میں آپ کا ایک پریزیڈنشل سویٹ ہے،بانی پی ٹی آئی کے پاس جیل میں ایکسرسائز مشین ہے، واک کرنے کیلئے گیلری ہے، پی ٹی آئی کی شروع سے کوشش رہی ہے کہ انتشاراورتشدد کی سیاست کی جائے، پی ٹی آئی جب حکومت میں تھی تب بھی اس کی یہی پالیسی تھی۔

ان کاکہناتھا کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے نے واقعے پر احتجاج نوٹ کرایا ہے،نادرا سے کہا ہے کہ ویڈیو کا جائزہ لے کر بتائے کہ پاکستانی شہری تو ملوث نہیں ہیں،فرینکفرٹ واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث نکلا تو اس کا پاسپورٹ منسوخ ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی طرح دنیا کے کئی ممالک میں انٹرنیٹ ڈاؤن ہے حکومت کا کوئی تعلق نہیں،اگر فائر وال کا بھی کوئی معاملہ ہے بھی تووہ ڈیٹا سکیورٹی سے متعلق ہے۔

Watch Live Public News