ویب ڈیسک:نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے بچوں کے پاسپورٹ سے متعلق اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا۔
نادرا کے مطابق اب پاسپورٹ کے لیے پرانا ’بے‘ فارم قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس کی جگہ والدین کو نیا چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) حاصل کرنا ہوگا جو ہر بچے کی علیحدہ اور تصدیق شدہ شناخت کا ضامن ہوگا۔
اس اقدام کا مقصد بچوں کا ڈیٹا زیادہ محفوظ، قابل اعتماد اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
نادرا نے ایک اور بڑی تبدیلی کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) کو اب قانونی حیثیت دے دی ہے۔ اب یہ سرٹیفکیٹ وراثتی معاملات، عدالتی کیسز اور دیگر قانونی امور میں بطور ثبوت استعمال کیا جا سکے گا۔
اس سے قبل ایف آر سی کو صرف ریکارڈ یا عمومی شناخت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب اس کا قانونی وزن تسلیم کر لیا گیا ہے۔
نادرا نے ایف آر سی کے فارمیٹ کو بھی اپڈیٹ کیا ہے تاکہ مختلف خاندانی ساختوں کو مؤثر طریقے سے ظاہر کیا جا سکے۔
نئے فارمیٹ میں اب یہ تفصیلات شامل ہوں گی۔ والدین اور بہن بھائیوں پر مشتمل خاندان، میاں، بیوی اور بچوں پر مشتمل خاندان، وہ مرد جو متعدد شادیوں کے حامل ہوں ان کے لیے ہر فیملی کے افراد کی تفصیل الگ درج ہو گی۔