پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب روزانہ مقرر ہوں گی، نیا نظام کیسے کام کرے گا؟

پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب روزانہ مقرر ہوں گی، نیا نظام کیسے کام کرے گا؟
کیپشن: پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب روزانہ مقرر ہوں گی، نیا نظام کیسے کام کرے گا؟

ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر حکومت نے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نیا نظام ابتدائی طور پر نو ماہ کے آزمائشی مرحلے میں نافذ کیا جائے گا۔

وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتیں اب عالمی خام تیل کی قیمتوں، Platts Arab Gulf کے ریٹس اور حقیقی درآمدی لاگت کے مطابق روزانہ مقرر کی جائیں گی، تاکہ مقامی قیمتیں عالمی مارکیٹ سے زیادہ ہم آہنگ رہیں۔

نئے طریقہ کار کے تحت اگر گزشتہ سات کاروباری دنوں میں پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) نے نئی کھیپ درآمد کی ہوگی تو اسی کی اصل درآمدی لاگت اور پریمیم کو قیمتوں میں شامل کیا جائے گا۔ اگر اس عرصے میں کوئی نئی درآمد نہ ہوئی تو یکم جنوری سے اب تک کے اوسط درآمدی پریمیم کو بنیاد بنایا جائے گا تاکہ قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے بچا جا سکے۔

حکومت کے مطابق قیمتوں کا اعلان صرف پیر سے جمعہ تک کیا جائے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو نرخ برقرار رہیں گے۔

نئے نظام کے تحت روزانہ قیمتوں کے تعین کے لیے وزیراعظم یا وفاقی کابینہ سے الگ منظوری درکار نہیں ہوگی، بلکہ ایک خودکار فارمولے کے تحت گزشتہ سات کاروباری دنوں کی عالمی قیمتوں اور درآمدی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتیں مقرر کی جائیں گی۔

تاہم پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (PDL)، کسٹم ڈیوٹی، کلائمیٹ لیوی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) کے مارجن بدستور وفاقی حکومت کے اختیار میں رہیں گے۔ ان میں کسی بھی تبدیلی کے لیے حکومتی منظوری لازمی ہوگی، جبکہ اوگرا کو ان چارجز میں ردوبدل کا اختیار حاصل نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین سالانہ، پھر ماہانہ، بعد ازاں ہر 15 روز بعد اور حالیہ عرصے میں ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جاتا رہا ہے۔ اب پہلی بار روزانہ قیمتوں کے تعین کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News