آزاد کشمیر انتخابات تین مراحل میں ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

آزاد کشمیر انتخابات تین مراحل میں ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا
کیپشن: آزاد کشمیر انتخابات تین مراحل میں ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات تین مراحل میں کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل شیڈول کے مطابق ہوگا اور انتخابات کے التوا کی کوئی تجویز قبول نہیں کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق پہلا مرحلہ 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں ہوگا، دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کے 12 انتخابی حلقوں میں پولنگ کرائی جائے گی، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ووٹنگ ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں 13 نشستوں، مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کے 21 نشستوں جبکہ پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ہر مرحلے کی پولنگ کے نتائج اسی روز شام کو جاری کیے جائیں گے تاکہ انتخابی عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کو مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ انتظامی سہولت، سکیورٹی انتظامات، انتخابی عملے کی مؤثر تعیناتی اور شفاف و پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز پر زور دیا کہ وہ ضابطۂ اخلاق کی مکمل پابندی کریں، انتخابی مہم کو پرامن رکھیں اور جمہوری عمل کی کامیابی کے لیے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابات کے دوران سکیورٹی کے لیے فوج تعینات ہوگی، جبکہ عالمی مبصرین اور ملکی و غیر ملکی صحافیوں کو انتخابی عمل کی نگرانی اور کوریج کی مکمل اجازت دی جائے گی۔

Watch Live Public News