ایرانی سفیر کی وزیراعلیٰ پنجاب اور نوازشریف سے ملاقات، دورہ ایران کی دعوت

ایرانی سفیر کی وزیراعلیٰ پنجاب اور نوازشریف سے ملاقات، دورہ ایران کی دعوت
کیپشن: Iranian Ambassador's meeting with Chief Minister Punjab and Nawaz Sharif, invitation to visit Iran

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی۔ 

دوران ملاقات پاک ایران بارڈر آف سیکیورٹی کو بارڈر آف اکانومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کرلیا گیا۔ ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40فیصد سے 70فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔ 

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ 

ایرانی سفیرڈاکٹر رضا امیری مغدام نے وزیراعلی مریم نوازشریف کو دورہ ایران کا تحریری دعوت نامہ پیش کیا۔ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف کوبھی دورہ ایران کی دعوت دی۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف اور صدرپاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کااظہار کیا۔ 

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر ایران کے عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں-

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہید ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی، ان کی شخصیت متاثر کن تھی- ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ون آن ون ملاقات میں تجارتی، ثقافی تعلقات کے فروغ پر سود مند گفتگو ہوئی- 

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ممنون ہیں،پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا۔ شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسانی محمد نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی۔ پاکستان ایران کے لئے بہت خاص اہمیت رکھتاہے۔ صدر ابراہیم رئیسانی کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یو کا تسلسل برقرار رہے گا۔ 

ایرانی سفیر نے مریم نوازشریف کو خاتون وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ ایرانی سفیر نے وزیراعلی مریم نوازشریف کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ 

اس کے علاوہ اصفہان، مشہد اور لاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کومزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

Watch Live Public News