شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج 72 ویں سالگرہ

شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج 72 ویں سالگرہ
کیپشن: شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج 72 ویں سالگرہ

ویب ڈیسک: پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کیک کاٹنے کی تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں ان کی جمہوری جدوجہد، قائدانہ صلاحیتوں اور عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ وہ سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی تھیں، جنہوں نے انہیں بچپن میں "پنکی" کے نام سے پکارا۔ بے نظیر بھٹو نے اعلیٰ تعلیم دنیا کی ممتاز جامعات ہارورڈ اور آکسفورڈ سے حاصل کی۔

نوجوانی میں سیاسی قیادت کی باگ ڈور

والد کی گرفتاری اور بعد ازاں عدالتی قتل کے بعد بے نظیر بھٹو نے والدہ بیگم نصرت بھٹو کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی۔ انہوں نے نوجوانی میں ہی آمریت کے خلاف آواز بلند کی اور کئی بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

وطن واپسی اور تاریخی استقبال

1986 میں جلاوطنی ختم کر کے وطن واپسی پر لاہور میں لاکھوں افراد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ وہ 1988 کے عام انتخابات میں کامیاب ہوئیں اور ایشیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم منتخب ہوئیں۔ تاہم ان کی دونوں حکومتیں (1988–1990 اور 1993–1996) مدت مکمل نہ کر سکیں۔

شہادت اور قومی سانحہ
2007 میں جلاوطنی ختم کر کے انتخابی مہم شروع کی، لیکن 27 دسمبر کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دہشت گردی کے المناک واقعے میں شہید کر دی گئیں۔ ان کی شہادت کو قومی المیہ قرار دیا جاتا ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا۔

محترمہ بے نظیر بھٹو کو تاریخ میں دخترِ مشرق اور شہیدِ جمہوریت کے القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔ ان کی سیاسی بصیرت، عوامی مقبولیت اور جمہوریت سے وابستگی انہیں ہمیشہ زندہ رکھے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری 

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، انسانی وقار اور خواتین کے حقوق کے لیے جو ناقابل فراموش جدوجہد کی وہ آج بھی تاریخ کا روشن باب ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف جرأت اور استقامت کے ساتھ مزاحمت کی اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے چلنے والی تحریکوں کی قیادت کی، وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی تھیں، ان کا وژن، قربانیاں اور عوام سے گہری وابستگی پاکستان پیپلز پارٹی کی اجتماعی میراث ہیں۔

صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے نہ صرف جمہوریت کو مستحکم کریں گے بلکہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنائیں گے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےشہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ پر پیغام دیتے ہوئے کہاکہ اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم   شہید محترمہ بینظیر بھٹو  کی سالگرہ   پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستانی عوام کے لیے ہمیشہ کے لیے حوصلے، جمہوریت اور امید کی علامت ہیں،آج ہم صرف شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ ہی نہیں بلکہ ایک عہد ساز تحریک کے جنم کو یاد کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News