ویب ڈیسک:ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کی جانب سے نائب وزیراعظم پاکستان سے منسوب جھوٹے اور گمراہ کن دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نےواضح کیا کہ پاکستان نے نہ تو جنگ کا آغاز کیا اور نہ ہی کسی سے جنگ بندی کی درخواست کی۔پاکستان نے جنگ بندی پر صرف رضامندی ظاہر کی، جو کہ خطے میں امن و استحکام کی خواہش کا مظہر ہے۔ بھارتی جارحیت کا پاکستان نے اپنے دفاع کے حق میں فیصلہ کن جواب دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم پاکستان نے اپنے انٹرویوز اور بیانات میں واضح طور پر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہر سطح پر امن کو ترجیح دی، مگر قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا۔دوست ممالک بشمول سعودی عرب اور امریکا نے پاک بھارت کشیدگی میں جنگ بندی کے لیے مثبت کردار ادا کیا، جس کا پاکستان خیر مقدم کرتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈہ قابل مذمت ہے اور پاکستان ایسے منفی بیانیے کو مسترد کرتا ہے جو زمینی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہو۔