وزیر اعظم کا ہونہار طالب علموں میں 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان

وزیر اعظم کا ہونہار طالب علموں میں 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہونہار طالب علموں میں اس سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے جا رہے ہیں جو کہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، اگر ہم نے پاکستان میں اپنے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے تو انہیں لیپ ٹاپ جیسے جدید آلات فراہم کرنے ہوں گے۔ ٹیلی سکول پاکستان اپیلی کیشن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم کے حوالہ سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کے فروغ کیلئے یہ ایک اچھا قدم ہے، اس پر وزیر تعلیم، سیکرٹری تعلیم، چیئرمین پی ٹی سی ایل سمیت تمام متعلقہ افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب میں اپنے 10 سالہ دور میں، میں نے دیکھا کہ اساتذہ کی تربیت کا معیار بہتر نہیں ہے، اﷲ کرے کہ اس حوالہ سے تیزی سے قدم اٹھائے گئے ہوں تاہم ایسا لگتا نہیں ہے، پنجاب میں 40 ٹیچر ٹریننگ مراکز کی کہانی مجھے اچھی طرح یاد ہے، اسے ٹھیک کرنے کیلئے کئی اقدامات اٹھائے، وزیر تعلیم صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط پروگرام بنائیں جس میں اساتذہ کو ٹیبلٹس مہیا کئے جائیں، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی حاضری کو ڈیجیٹائز کیا جائے اور باقاعدگی سے سکولوں میں حاضر ہونے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہونہار طالب علموں میں اس سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے جا رہے ہیں جو کہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، اگر ہم نے پاکستان میں اپنے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے تو انہیں لیپ ٹاپ جیسے جدید آلات فراہم کرنے ہوں گے تاکہ پورے پاکستان میں ہماری قوم کے یہ معمار جدید تعلیم کے اسلوب سے روشناس ہو سکیں اور دنیا کے معیار کے ہم پلہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کیلئے پرائیویٹ سیکٹر اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس پروگرام کو آگے بڑھائیں، ہمیں اپنے بچوں اور بچیوں پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی، مختلف شعبوں سے متعلق پرائیویٹ سیکٹرز کی خدمات لی جائیں، میرٹ پر خدمات لی جائیں اور فی کس بچہ اس کی فیس ادا کریں تاکہ وہ انہیں بھرپور ٹریننگ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بہترین نجی شعبہ جات کی شفاف طریقہ سے خدمات لی جائیں تاکہ وہ انہیں ٹریننگ دیں، ہم نے ڈی ایف آئی ڈی کے ساتھ مل کر جنوبی پنجاب سے یہ پروگرام شروع کیا تھا اور پورے پنجاب میں ہزاروں بچوں اور بچیوں کو تربیت دی، اس کے علاوہ ہم نے ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جس سے یتیم اور مستحق بچے مستفید ہوئے، ان کے سروں پر دست شفقت رکھنا اور ان کو تعلیم کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے، دانش سکول کے ماڈل پر پورے پاکستان میں تعلیمی ادارے بنا رہے ہیںِ، بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں جہاں عام تعلیم بھی دستیاب نہیں وہاں پر دانش سکول کیلئے مل کر رقم کا بندوبست کریں گے اور انہیں اعلیٰ تعلیم کیلئے سہولیات مہیا کریں گے تاکہ انہیں یہ احساس ہو کہ وہ ملک کے دیگر علاقوں کے برابر ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹیلی سکول پاکستان ایپ ایک اچھا اقدام ہے، اس کو مزید آگے بڑھایا جائے، ڈیجیٹائز تعلیم کو فروغ دیا جائے، اس کیلئے جتنی محنت اور وسائل دستیاب ہیں، بروئے کار لائے جائیں، آئندہ بجٹ میں اس حوالہ سے منصوبہ لایا جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کا فروغ ممکن ہو سکے، یہ ہمارا مقصد حیات ہونا چاہئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔