پبلک نیوز: یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں کی خصوصی پریڈ کی تیاریاں تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں عوام نے پریڈ گراؤنڈ کا رخ کیا۔
شائقین مسلح افواج کی ڈریس ریہرسل دیکھ کر خوب لطف اندوز ہوئے اور حب الوطنی کا اظہار کیا۔
خصوصی پریڈ کو دیکھنے والے شائقین کا کہنا تھا کہ اس سال بہت منفرد انداز سے پریڈ کا اہتمام کیا گیا، بہت دلکش اور ولولہ انگیز پریڈ دیکھنے کو ملی۔
ایڈوکیٹ سپریم کورٹ محمد کبیر نے کہا کہ کیا نظم و ضبط ہے، کیا جذبہ ہے، یہاں آکر پورا پاکستان نظر آتا ہے۔
شہری کا کہنا تھا کہ یہاں پر آنے کے بعد ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ ہم مضبوط ہاتھوں میں ہیں اور ہماری فورسز ہمیشہ ہماری حفاظت کے لیے تیار کھڑی ہے، ہم تمام افواج پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنا خون دے کر اس ملک کو سلامت رکھا ہے۔
شہری نے مزید کہا کہ میری بیٹی فوج میں ہے اور میں اپنی بیٹی کو اس ملک پر قربان کرنے کے لیے تیار ہوں، میں اپنی عوام سے گزارش کروں گا کہ اپنے ملک سے محبت کریں، یہی ہمارا جذبہ ہونا چاہیے کیونکہ ملک ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہمیشہ آگے بڑھے گا اور پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے۔