سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جا رہیں، پہلے سے قانون اور عدالتیں موجود ہیں، انہیں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔ سیالکوٹ میں افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خواجہ آصف کی قیادت میں ریلی نکالی گئی،شرکا نے چونڈہ میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتخہ خوانی کی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہم آج شہداء کی یادگار پر آئے ہیں، یہاں پر بہادری سے ہندوستانی فوج کو شکست دی، جنہوں نے وطن عزیر کے دفاع میں قربانی دی ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایک سیاسی رہنما اور لیڈر افواج کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، افواج کو ٹارگٹ کرنے میں وہ بیرونی افراد کو بھی شامل کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے افواج چٹان کی طرح کھڑی ہے، فوجی جوان وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں، افواج پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف میں اظہارِ یکجہتی کی ضرورت ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ22 کروڑ عوام، شہداء کے اہلخانہ اس مٹی سے ان کی محبت کسی لالچ سے مشروط نہیں، میں ایک دفعہ پھر ان لازوال قربانیوں اور نشان حیدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آخر میں تمام شرکاء کا مشکور ہوں اس یادگار پر تجدید عہد کرنے آئے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان کے وجود پرحملہ کیا گیا تھا، ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کے لیے یہ حملہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے۔ جب ایک ٹولہ مقدس یادگاروں پرحملہ کرے تو شہداء کے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہو گی، میں کبھی کسی کی وفاداری پر شک نہیں کرتا، لیکن 9 مئی کو جنہوں نے حملہ کیا مجھے ان کی نیت پر شک ہے۔