ویب ڈیسک: حکومت نے بجلی صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی، بجلی کی قیمت میں 3 روپے 49 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے نے اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 3 روپے 49 پیسے فی یونٹس اضافے کی درخواست دائر کر دی ہے، درخواست پر نیپرا 30 مئی کو سماعت کرے گی۔
سی پی پی اے کی درخواست منظور ہونے کے بعد بجلی صارفین پر 35 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے پیش نظر نیپرا کی جانب سے درخواست کی منظوری دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔
قبل ازیں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے 5 سالہ پاور ایکوزیشن پروگرام کی منظوری دے دی ہے، 2024ء سے 2028ء تک پروگرام کی منظوری کراچی میں بجلی کی پائیدار، مستحکم فراہمی کیلئے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے 20 مارچ 2023 کو پاور ایکوزیشن کا جامع منصوبہ جمع کروایا تھا، 5 سالہ پروگرام میں قابل تجدید توانائی، مقامی فیول اور نیشنل گرڈ سے بجلی کا حصول شامل ہے۔
کےالیکٹرک سولر اور ونڈ انرجی سمیت 1282 میگاواٹ قابل تجدید توانائی اپنے جنریشن مکس میں شامل کرے گی، جنریشن مکس میں 270 میگاواٹ سولر اور دھابیجی کے قریب 200 میگاواٹ کا ہائبرڈ پلانٹ شامل ہیں۔