کرغزستان کی پاکستانی طلباء کی حفاظت اور مجرموں کو سزادینے کی یقین دہانی

کرغزستان کی پاکستانی طلباء کی حفاظت اور مجرموں کو سزادینے کی یقین دہانی
کیپشن: کرغیزستان کی پاکستانی طلباء کی حفاظت اور مجرموں کو سزادینے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک : کرغیزستان نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ وہ دارالحکومت بشکیک میں پاکستانیوں سمیت تمام غیر ملکی طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور فسادات میں شریک مجرموں کو قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔
تفصیلا ت کے مطابق یہ یقین دہانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کو دو مختلف مقامات پر الگ الگ ملاقاتوں میں کروائی گئیں۔


 رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آستانہ میں کرغیزستان کے وزیر خارجہ جین بیک کلوبایف سے ملاقات کی، جس کے دوران بشکیک میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور وہاں پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کرغیزستان کے وزیر خارجہ جین بیک کلوبایف نے پاکستانی شہریوں کے تحفظ اور پاکستان واپس آنے کے خواہش مند طلبہ کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سب سے بڑی تشویش اپنے شہریوں کی سلامتی ہے، خاص طور پر وہ طلبہ جو جمعے (17 مئی) کے واقعات سے بنیادی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی طالب علموں میں عدم تحفظ اور خوف کے جذبات کا اظہار کیا اور وزیر خارجہ کولوبائیف سے درخواست کی کہ وہ ان کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنائیں۔
 انہوں نے پاکستانی طالب علموں پر حملوں کے ذمہ داروں کو احتساب کے کٹہرے میں لانے کی بھی درخواست کی۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغز حکومت، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور پاکستانی طالب علموں کو صحت اور سلامتی کی انتہائی ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر وزیر خارجہ جین بیک کلوبایف کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص توانائی، رابطوں، تجارت اور عوامی سطح پر رابطوں کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے قائم کردہ دوطرفہ ادارہ جاتی میکانزم کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیر تعلیم ڈوگدرکل کیندربائیوا نے لندن میں کوئین الزبتھ دوم سینٹر میں اپنے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی اور بشکییک میں ہونے والے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے ان واقعات پر معافی مانگی جن کی وجہ سے پاکستانی طالب علموں اور ان کے اہل خانہ میں پریشانی اور تشویش پائی جاتی ہے۔

Watch Live Public News