(ویب ڈیسک ) تحریک انصاف کی طرف سے عدلیہ اور ججز کو سکینڈلائز کرنے کرنے کا معاملہ، سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور شعیب شاہین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق میاں داؤد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔درخواست میں رؤف حسن اور شعیب شاہین کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست کے ساتھ رؤف حسن اور شعیب شاہین کے توہین آمیز انٹرویوز کے ٹرانسکرپٹس بھی منسلک ہیں۔
درخواستگزار میاں داؤد ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ایک منظم مہم کے تحت عدلیہ کو سکینڈلائز کر رہی ہے، رؤف حسن اور شعیب شاہین مجرمانہ منصوبے کے تحت ججز کو سکینڈلائز کر رہے ہیں،دونوں رہنماؤں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ نے کہا کہ رؤف حسن کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو ٹاؤٹ کہنا عدلیہ کو سکینڈلائز کرنا ہے، رؤف حسن نے بے بنیاد الزامات لگا کر چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کو بھی سکینڈلائز کیا۔
درخواستگزار کے مطابق تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے بیانات آئین کے آرٹیکل 204 کی خلاف ورزی ہیں، تحریک انصاف مجرمانہ منصوبے کے تحت عوام کے عدلیہ پر اعتماد کو تباہ کر رہی ہے، سپریم کورٹ نے عمران خان کیخلاف تسلیم شدہ توہین عدالت پر کارروائی آگے نہیں بڑھائی،عمران خان کیخلاف کارروائی آگے نہ بڑھانے سے PTI کو توہین آمیز بیانات دینے کا حوصلہ ملا۔ سپریم کورٹ نے عمران خان کو توہین عدالت کیس میں سزا دی ہوتی تو آج یہ نوبت نہ آتی، ماضی میں سپریم کورٹ نے ججز کو سکینڈلائز کرنے پر سیاستدانوں کو سزائیں سنائیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں رؤف حسن اور شعیب شاہین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔