امریکا سےجوہری مذاکرات سےکوئی نتیجہ نکلنے کی امید نہیں: آیت اللہ خامنہ ای

امریکا سےجوہری مذاکرات سےکوئی نتیجہ نکلنے کی امید نہیں: آیت اللہ خامنہ ای
کیپشن: امریکا سےجوہری مذاکرات سےکوئی نتیجہ نکلنے کی امید نہیں: آیت اللہ خامنہ ای

ویب ڈیسک: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی جوہری مذاکرات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے کسی نتیجے کی امید نہیں کی جا سکتی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کے روز اپنی تقریر میں آیت اللہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جوہری بات چیت سے کسی حتمی معاہدے کی توقع نہیں، کیونکہ امریکا ایران کے یورینیم افزودگی کے حق کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رویہ ایک "سنگین غلطی" کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ 12 اپریل سے لے کر اب تک عمان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان چار دور کے مذاکرات ہو چکے ہیں، جو 2015 کے جوہری معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اہم ترین سفارتی روابط مانے جا رہے ہیں۔

اگرچہ مذاکرات کے آخری دور میں فریقین نے ایک اور مرحلے کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم بیانات میں نمایاں فرق دیکھنے کو ملا۔ ایرانی حکام نے ان مذاکرات کو "مشکل لیکن فائدہ مند" قرار دیا، جب کہ امریکی حکام نے محتاط انداز میں امید کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ مغربی طاقتیں ایران پر طویل عرصے سے الزام عائد کرتی آئی ہیں کہ وہ خفیہ طور پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ ایران مسلسل یہ مؤقف دہرا رہا ہے کہ اس کا نیوکلیئر پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

Watch Live Public News